امریکی پابندیاں ریاستی و معاشی دہشت گردی ہیں، ایران

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں ریاستی اور معاشی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور رکن ممالک کو خط ارسال کیا ہے، جس میں امریکی پابندیوں کی مخالفت اور واشنگٹن کو ایسے اقدامات سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا جنگ میں اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکنے کے بعد ایران کے دوسرے ممالک کے ساتھ جائز اقتصادی روابط کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق امریکی پابندیاں عام شہریوں کو بھی متاثر کرتی ہیں، اس لیے عالمی برادری کو ان اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ امریکا کو ایران کے خلاف یکطرفہ معاشی اقدامات سے روکا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم کرنے یا ان پر عمل درآمد سے گریز کریں۔
ایران کا کہنا ہے کہ دوسرے ممالک کے ساتھ اس کے قانونی اور جائز اقتصادی تعلقات میں رکاوٹ ڈالنے کی امریکی کوششیں قابل قبول نہیں۔








