
ایران اور امریکا کے درمیان دیرپا جنگ بندی اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو ایران کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز دورے کے دوران ایرانی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان گزشتہ روز ٹیلیفون پر بھی رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران امریکا تنازع کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سے قبل بھی ایران کے دو دورے کر چکے ہیں۔ پاکستان مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کیلئے کردار ادا کر رہا ہے۔









