
جگر پر چربی جمع ہونے کا مرض دنیا بھر میں ایک عام طبی مسئلہ بن چکا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں اشارہ ملا ہے کہ روزمرہ خوراک میں ٹماٹر شامل کرنا جگر میں چربی کے اجتماع کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں جگر پر چربی کی بیماری میں مبتلا 79 افراد کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ نے ٹماٹر کے بغیر مخصوص غذا استعمال کی، جبکہ دوسرے گروپ کو چھ ہفتوں تک روزانہ 200 گرام کچے ٹماٹر اور 50 گرام ٹماٹو ساس دی گئی۔
نتائج کے مطابق دونوں گروپس میں جگر کی چربی میں کمی دیکھی گئی، تاہم ٹماٹر استعمال کرنے والے افراد میں یہ کمی نسبتاً زیادہ نمایاں تھی۔ محققین کے مطابق یہ اثر جسمانی وزن کم ہونے سے بھی الگ نظر آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر میں موجود قدرتی اجزا جگر کی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے مزید اور بڑے پیمانے پر تحقیق ضروری ہے۔
جگر پر غیر معمولی مقدار میں چربی جمع ہونا طویل مدت میں صحت کے لیے مسائل پیدا کرسکتا ہے اور اس کا تعلق موٹاپے اور ٹائپ 2 ذیابیطس جیسے میٹابولک مسائل سے بھی پایا جاتا ہے۔
اس لیے متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند وزن برقرار رکھنے کے ساتھ ٹماٹر کو خوراک کا حصہ بنانا جگر کی مجموعی صحت کے لیے ایک مفید انتخاب ہوسکتا ہے۔









