
واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کا مقصد چیٹس میں موصول ہونے والی تصاویر، ویڈیوز اور اسٹیکرز کی شناخت کو آسان بنانا ہے۔
نئے فیچر کے تحت چیٹ لسٹ میں کسی پیغام کے ساتھ صرف ’’فوٹو‘‘، ’’ویڈیو‘‘ یا ’’اسٹیکر‘‘ لکھا دکھائی دینے کے بجائے اس میڈیا کا ایک چھوٹا سا تھمب نیل بھی نظر آئے گا۔
اس تبدیلی کی بدولت صارف چیٹ کھولے بغیر اندازہ لگا سکے گا کہ متعلقہ رابطے یا گروپ سے کس قسم کی تصویر، ویڈیو یا اسٹیکر موصول ہوا ہے۔ اس سے خاص طور پر ان افراد کو سہولت ملے گی جنہیں روزانہ متعدد چیٹس اور گروپس میں بڑی تعداد میں میڈیا موصول ہوتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے۔ کمپنی کی جانب سے اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا، اس بارے میں ابھی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
واٹس ایپ عموماً بیٹا صارفین سے حاصل ہونے والے تجربات اور فیڈ بیک کی بنیاد پر نئے فیچرز کو مرحلہ وار تمام صارفین تک پہنچاتا ہے۔









