
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر تبدیلی کردی ہے، جس کے تحت پیٹرول مہنگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 06 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 20 اگست سے ہوگیا ہے۔ قیمتوں میں یہ ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے مقررہ حکومتی طریقہ کار کے تحت کیا گیا۔
حالیہ عرصے میں عالمی اور علاقائی صورتحال کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت نے موجودہ حالات کے پیش نظر قیمتوں کے روزانہ جائزے کا طریقہ کار بھی اختیار کیا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو عموماً قیمتوں میں تبدیلی نہیں کی جاتی۔
نئی قیمتوں کے بعد صارفین کو پیٹرول کی خریداری پر اضافی رقم ادا کرنا ہوگی، جبکہ ڈیزل استعمال کرنے والوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔









