
برازیل سے تعلق رکھنے والے معروف مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر اور یو ایف سی کھلاڑی ایلن ناسیمینٹو 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایلن ناسیمینٹو کی موت نیند کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ یو ایف سی کے مطابق انہیں پیر کی صبح ان کے گھر میں بے ہوش حالت میں پایا گیا، جہاں طبی عملے نے انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
یو ایف سی نے اپنے تعزیتی بیان میں ایلن ناسیمینٹو کے اہل خانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
ایلن ناسیمینٹو نے 2021 میں یو ایف سی میں قدم رکھا تھا۔ ان کا آخری مقابلہ رواں سال جون میں مچ راپوسو کے خلاف ہوا، جس میں انہیں سخت مقابلے کے بعد اسپلٹ فیصلے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اپنے پیشہ ورانہ ایم ایم اے کیریئر میں ایلن ناسیمینٹو نے 29 فائٹس میں حصہ لیا، جن میں 22 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ 7 مقابلوں میں شکست ہوئی۔ یو ایف سی میں ان کا ریکارڈ 4 فتوحات اور 2 شکستوں پر مشتمل تھا۔
مکسڈ مارشل آرٹس کی دنیا نے ایک باصلاحیت فائٹر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔









