
ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ سبز پتوں والی سبزیاں صدیوں سے صحت بخش غذا کی بنیاد رہی ہیں۔ یہ سبزیاں فائبر، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں، جو جسم کو اندر سے مضبوط بنانے اور بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہیں۔ ذیابیطس، آئرن کی کمی، کمزور ہڈیاں اور نظامِ ہاضمہ کے مسائل میں درست سبزیوں کا انتخاب قدرتی علاج ثابت ہو سکتا ہے۔
ذیابیطس کے لیے میتھی کے پتے:
میتھی کے پتوں میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو کھانے کے بعد خون میں شوگر کی سطح کو اچانک بڑھنے سے روکتی ہے۔ اس کے علاوہ میتھی میں موجود قدرتی مرکبات انسولین کے اثر کو بہتر بناتے ہیں، جس سے جسم شوگر کو بہتر طریقے سے استعمال کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ میتھی کے پتوں کا مناسب استعمال ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے، مگر اعتدال ضروری ہے۔
آئرن کی کمی میں چولائی:
چولائی کے پتے آئرن، فولک ایسڈ اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں، جو خون کی کمی اور کم ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ان غذائی اجزا کی بدولت جسم میں نئے سرخ خلیات بنتے ہیں، جس سے کمزوری، تھکن اور چکر آنے جیسے مسائل میں کمی آتی ہے۔ باقاعدگی سے چولائی کا استعمال قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
کمزور ہڈیوں کے لیے سووا:
سووا کے پتوں میں کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے، جو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہیں۔ بڑھتی عمر میں ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں، مگر سووا کے استعمال سے ہڈیوں کی بھربھراہٹ کم ہوتی ہے اور فریکچر کے خطرے میں کمی آتی ہے۔ یہ جوڑوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
پیٹ کی گیس اور اپھارے میں پودینہ:
پودینہ معدے کو قدرتی طور پر ٹھنڈک اور سکون دیتا ہے۔ اس میں موجود اجزا ہاضمے کے نظام کو فعال کرتے ہیں، جس سے گیس، اپھارہ اور معدے کے درد میں آرام ملتا ہے۔ پودینہ کھانے کے بعد بھاری پن کم کرتا اور متلی کی شکایت میں بھی فائدہ دیتا ہے۔
وقت سے پہلے بال سفید ہونے پر کری پتہ:
کری کے پتوں میں اینٹی آکسیڈنٹس، آئرن اور وٹامن بی کمپلیکس شامل ہوتے ہیں، جو بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ یہ پتے کولیجن کی پیداوار کو سپورٹ کرتے ہیں، جس سے بالوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے اور وقت سے پہلے سفید ہونے کا عمل سست ہو سکتا ہے۔ باقاعدہ استعمال بالوں کی چمک اور مضبوطی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
ماہر غذائیت دیپ شیکھا جین کے مطابق اگر روزانہ کی خوراک میں مختلف سبز پتوں والی سبزیاں شامل کی جائیں تو جسم کو قدرتی طور پر ضروری غذائی اجزاء ملتے ہیں اور کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔ تاہم کسی بھی خاص بیماری یا مسئلے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔









