
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے پاکستان کے مزید 12 تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
نئے شامل کیے گئے مقامات میں خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کی وادی کیلاش سمیت چار مقامات، سندھ کے کوٹ ڈیجی، ناؤکوٹ اور عمرکوٹ کے تاریخی قلعے جبکہ پنجاب کے پھر والہ قلعہ، روات قلعہ اور سلطان مقرب خان کا مقبرہ شامل ہیں۔
ان نئے مقامات کے اندراج کے بعد یونیسکو کی عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل پاکستانی مقامات کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عارضی فہرست میں شامل ہونا کسی مقام کو عالمی ورثے کا حتمی درجہ ملنے سے پہلے ایک اہم مرحلہ ہے۔ اس عمل کے ذریعے پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور آثارِ قدیمہ کے ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
نئے مقامات کی شمولیت سے ان کے تحفظ، ثقافتی سیاحت کے فروغ اور متعلقہ علاقوں میں مقامی معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی بھی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔









