گوگل اکاؤنٹس کی مفت اسٹوریج سے متعلق نئی آزمائش، صارفین میں تشویش

0
8
گوگل اکاؤنٹس کی مفت اسٹوریج سے متعلق نئی آزمائش، صارفین میں تشویش

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق گوگل اپنی نئی جی میل اکاؤنٹ پالیسی کے تحت مفت کلاؤڈ اسٹوریج میں ممکنہ تبدیلی پر کام کر رہا ہے۔

فی الحال جب کوئی صارف نیا گوگل اکاؤنٹ بناتا ہے تو اسے 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جاتی ہے، جو جی میل، گوگل ڈرائیو اور فوٹوز کے درمیان مشترک ہوتی ہے اور عام صارفین کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔

تاہم بعض بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق گوگل ایک محدود آزمائش کر رہا ہے جس میں نئے اکاؤنٹس کو ابتدائی طور پر صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دی جا رہی ہے۔ اسکے ساتھ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جو صارفین اپنے اکاؤنٹ میں فون نمبر شامل کرلیتے ہیں، انکو دوبارہ 15 جی بی اسٹوریج فراہم کیجا سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ تبدیلی فی الحال صرف مخصوص علاقوں میں تجرباتی طور پر نافذ کی گئی ہے، جبکہ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد اکاؤنٹس کی سکیورٹی بہتر بنانا اور ڈیٹا ریکوری کے نظام کو مؤثر کرنا ہے۔

دوسری جانب گوگل کے سپورٹ پیج پر اب بھی یہی درج ہے کہ ہر نئے اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جاتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ابھی حتمی پالیسی نہیں بلکہ ایک محدود تجربہ ہے۔

کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ وہ نئے اکاؤنٹس کے لیے اسٹوریج پالیسی پر مختلف تجربات کر رہی ہے تاکہ صارفین کی سیکیورٹی اور سروس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

Leave a reply