کسان زندہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھا کر تھانے پہنچ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

0
9
کسان زندہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھا کر تھانے پہنچ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارت کی ریاست بہار کے ضلع سپول میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک کسان نے کھیت سے ملنے والے زندہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھایا اور اسے پولیس اسٹیشن لے گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دیہاتی کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اچانک دھان کی فصل میں ایک تقریباً پانچ فٹ لمبا مگرمچھ نظر آیا۔ مگرمچھ کو دیکھتے ہی علاقے میں خوف پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔

دیہاتیوں نے جانور کو نقصان پہنچانے کے بجائے اسے محفوظ طریقے سے قابو کرنے کا فیصلہ کیا۔ کسان امیت کمار نے دیگر افراد کی مدد سے مگرمچھ کے منہ کو رسی سے باندھ دیا تاکہ وہ کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

فارسٹ حکام کی عدم موجودگی کے باعث امیت کمار نے خود مگرمچھ کو اٹھایا اور پہلے محکمہ جنگلات کے دفتر جانے کی کوشش کی، لیکن وہاں بھی عملہ موجود نہ ہونے پر وہ اسے لے کر تھانے پہنچ گیا۔

راستے میں لوگوں نے اس غیر معمولی منظر کو دیکھ کر ویڈیوز بنائیں، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

پولیس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مگرمچھ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں اسے محفوظ مقام پر لے جا کر کوسی ندی میں چھوڑ دیا گیا۔

محکمہ جنگلات کے حکام نے کسانوں کے اس اقدام کو سراہا کہ انہوں نے مگرمچھ کو نقصان نہیں پہنچایا، تاہم شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جنگلی جانوروں کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

حکام کے مطابق مون سون کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے مگرمچھ، سانپ اور دیگر جنگلی جانور اکثر آبادیوں اور کھیتوں کی طرف آ جاتے ہیں، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔

Leave a reply