
پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے داماد علی حمزہ بلوچ سے متاثر ہو کر یوٹیوب چینل بنانے کا فیصلہ کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے شگفتہ اعجاز نے کہا کہ ابتدا میں ان کا یوٹیوب پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم جب انہوں نے دیکھا کہ ان کے داماد کی وی لاگز کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ ان سے گہرا تعلق محسوس کرتے ہیں تو انہیں بھی اس پلیٹ فارم کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیوب فنکاروں کو اپنے مداحوں سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے اور ان کی فوری رائے جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے بھی اپنا چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کے مطابق، ان کے یوٹیوب چینل کے آغاز میں علی حمزہ بلوچ نے بھرپور رہنمائی کی، جبکہ ابتدائی دنوں میں ان کی بیٹیاں ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کرتی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے خود ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھ لی اور اب اپنی تمام ویڈیوز کی تدوین خود کرتی ہیں۔
شگفتہ اعجاز نے بتایا کہ ان کے چینل پر ڈراموں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فیملی، روزمرہ زندگی اور مختلف مصروفیات سے متعلق وی لاگز بھی شامل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ناظرین ان کی ویڈیوز کو ان کی سادگی، حقیقت پسندی اور گھریلو انداز کی وجہ سے پسند کرتے ہیں۔
شگفتہ اعجاز پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور کئی دہائیوں سے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی منفرد شناخت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔









