چار روز بعد زندگی کی جیت، باپ بیٹا ملبے تلے سے بحفاظت نکال لیے گئے

0
11
چار روز بعد زندگی کی جیت، باپ بیٹا ملبے تلے سے بحفاظت نکال لیے گئے

وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1450 ہو گئی ہے، جبکہ 3360 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے چار روز بعد ملبے تلے دبے باپ اور بیٹے سمیت چار افراد کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ مزید زندہ افراد کے ملنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قدرتی آفت سے مجموعی طور پر 12 ہزار 721 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلے کے باعث 774 عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ 38 اسپتال بھی متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ 44 شاپنگ سینٹرز سمیت 1600 سے زائد بنیادی ڈھانچے، جن میں پل، سڑکیں اور دیگر تعمیرات شامل ہیں، تباہ یا شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر متاثرہ انفراسٹرکچر کی تعداد 2501 تک پہنچ چکی ہے۔
ریسکیو آپریشن میں مقامی فوج، امدادی اداروں اور مختلف ممالک سے آنے والے سیکڑوں بین الاقوامی امدادی کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بھاری مشینری اور خصوصی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی تعینات ہیں تاکہ ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جا سکے۔
یورپی یونین نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی ہنگامی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب یونیسیف کے مطابق تقریباً 18 لاکھ متاثرین کو فوری طور پر خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور عارضی رہائش سمیت انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
ادھر امریکا نے بھی وینزویلا کے زلزلہ متاثرین کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امدادی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے وینزویلا سے متعلق بعض پابندیوں میں عارضی نرمی بھی کی جائے گی۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، جبکہ ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Leave a reply