امریکی ایٹمی حملے کی صورت میں ایران کا سخت جواب دینے کا اعلان

0
9
امریکی ایٹمی حملے کی صورت میں ایران کا سخت جواب دینے کا اعلان

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ایرانی پارلیمنٹ کے رکن فدا حسین مالکی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف ایٹمی حملہ کیا تو تہران کی جانب سے انتہائی سخت ردِعمل سامنے آئے گا۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو سے گفتگو کرتے ہوئے فدا حسین مالکی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کسی غیر متوقع اقدام کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا، تاہم ان کے مطابق امریکا ایسا قدم اٹھانے سے گریز کرے گا کیونکہ اس کے نتیجے میں ایک بڑی اور تباہ کن جنگ چھڑ سکتی ہے۔

ایرانی رکنِ پارلیمنٹ نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایٹمی حملے کی صورت میں ایران بھی جوہری ہتھیار استعمال کرے گا تو انہوں نے ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہونے کی تصدیق کیے بغیر کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کے مطابق جواب دیا جائے گا۔

فدا حسین مالکی کے مطابق ایران کے پاس فوجی کارروائی کے متعدد آپشنز موجود ہیں اور اس کی دفاعی حکمت عملی اب فعال جوابی کارروائی کی سمت بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی کئی عسکری صلاحیتیں اور جدید ہتھیار اب بھی دنیا کے سامنے نہیں لائے گئے۔

مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی جانب سے سابقہ وعدوں کی پاسداری نہ کیے جانے کے باعث ایران فوری طور پر مذاکرات کی میز پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں۔ تاہم انہوں نے عمان کے ساتھ جاری بات چیت کو الگ معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں امریکا کی شمولیت قبول نہیں کی جائے گی۔

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی، مذاکراتی عمل میں تعطل اور آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات نے خطے میں ممکنہ بڑے تصادم کے خطرات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

Leave a reply