
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے دوسرے مرحلے میں منگل کو کوئی میچ شیڈول نہیں، اس لیے کرکٹ شائقین کو ایک روز کا وقفہ ملا ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی آج میدان خالی رہے گا۔
ایونٹ دوبارہ بدھ کو زور پکڑے گا، جہاں لیگ کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
22 میچز کے بعد پشاور زلمی اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سرفہرست ہے۔ ٹیم نے 5 میچز میں 4 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، یوں اس کے مجموعی طور پر 11 پوائنٹس ہیں۔
ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جس نے 5 میچز میں 4 فتوحات حاصل کی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، اس نے 6 میچز میں 3 کامیابیاں سمیٹیں۔
کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
دیگر ٹیموں میں حیدرآباد کی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز بھی 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہیں۔ راولپنڈی کی ٹیم اب تک ایونٹ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔
بدھ کا مقابلہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ اس کے نتیجے سے ٹاپ فور کی دوڑ مزید دلچسپ ہو سکتی ہے۔








