
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے میں تعلیم کےشعبے میں بہتری کیلیے مختلف اقدامات کی ہدایت کردی۔ انہوں نے وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول میں خود کلاس لے کر تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سرکاری و نجی اسکولوں کے معاملات، رجسٹریشن کے نظام اور طلبہ کی انرولمنٹ سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پرائیویٹ اسکولوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل نظام کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پنجاب بھر میں ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن اور ڈیجیٹل میپنگ کے لیے تجاویز طلب کرلی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹیوشن سینٹرز کی مؤثر نگرانی کے لیے جامع طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں گزشتہ دو سال چار ماہ کے دوران 43 لاکھ طلبہ کے داخلوں کا ہدف مکمل کرلیا گیا، جو حالیہ عرصے میں سرکاری اسکولوں کی حقیقی انرولمنٹ میں نمایاں اضافہ ہے۔
اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ نظام کو لازمی قرار دینے پر بھی بات ہوئی۔ اس مقصد کے لیے ایک لاکھ 38 ہزار پی ای ایف اساتذہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا منصوبہ شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسکول ایجوکیشن کے شعبے میں اختراعی ذرائع آمدن کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔









