پرانے اے سی میں یہ خطرناک نشانیاں نظر آئیں تو فوری احتیاط کریں

گرمی کے موسم میں بہت سے لوگ کم قیمت یا پرانے ایئر کنڈیشنر (اے سی) استعمال کرتے ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان میں فنی خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں جو حفاظت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر اے سی میں غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو اسے نظر انداز کرنے کے بجائے فوری جانچ کرانی چاہیے۔
جلنے کی بو خطرے کی علامت
اگر اے سی چلانے کے دوران جلنے یا پلاسٹک پگھلنے جیسی بو محسوس ہو تو فوراً اسے بند کر دیں۔ یہ اندرونی وائرنگ، موٹر یا برقی انسولیشن میں خرابی کی نشاندہی کر سکتی ہے، جس سے شارٹ سرکٹ یا آگ لگنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
غیر معمولی آوازیں
اے سی سے کھڑکھڑاہٹ یا دیگر غیر معمولی آوازیں آنا اس بات کی علامت ہو سکتی ہیں کہ پنکھا، کمپریسر یا کوئی دوسرا پرزہ ڈھیلا یا خراب ہو چکا ہے۔ بروقت مرمت نہ ہونے کی صورت میں خرابی مزید بڑھ سکتی ہے۔
ضرورت سے زیادہ گرم ہونا
اگر اے سی استعمال کے دوران غیر معمولی حد تک گرم ہونے لگے تو یہ اندرونی برقی پرزوں میں خرابی کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں فوری معائنہ ضروری ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ٹھنڈک میں واضح کمی
اگر اے سی پہلے کے مقابلے میں کم ٹھنڈک دے رہا ہو تو اس کی وجہ ریفریجرنٹ گیس کی کمی، کمپریسر کی خرابی یا فلٹر بند ہونا ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں سروس یا مرمت کرانا ضروری ہے۔
چنگاریاں نظر آنا
اگر اسٹیبلائزر یا بجلی کی تاروں کے قریب چنگاریاں دکھائی دیں تو یہ خراب وائرنگ یا ڈھیلے برقی کنکشن کی علامت ہو سکتی ہیں، جسے فوری طور پر درست کرانا چاہیے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان میں سے کوئی بھی علامت سامنے آئے تو اے سی کا استعمال روک کر کسی مستند ٹیکنیشن سے مکمل معائنہ کرائیں۔ اگر بار بار ایک ہی نوعیت کی خرابیاں سامنے آ رہی ہوں اور مرمت پر مسلسل اخراجات آ رہے ہوں تو حفاظتی اور معاشی اعتبار سے نیا اور معیاری اے سی خریدنا بہتر فیصلہ ہو سکتا ہے۔









