پرانے اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنا مشکل، لاگ اِن بلاک ہونے کا امکان

0
17
پرانے اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنا مشکل، لاگ اِن بلاک ہونے کا امکان

ٹیکنالوجی: دنیا بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے ایسے صارفین کو جلد مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے جن کے موبائل فون پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ مستقبل میں ایسے ڈیوائسز پر ایپ تک رسائی محدود کرنے کی تیاری کر رہا ہے جو مطلوبہ آپریٹنگ سسٹم پر اپ ڈیٹ نہیں کیے جاسکتے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کو ممکنہ طور پر ایک انتباہ موصول ہوگا جس میں واضح کیا جائے گا کہ واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔

اگر کسی ڈیوائس میں آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت موجود نہیں تو صارف کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے نیا اسمارٹ فون خریدنا پڑ سکتا ہے۔ نئی پابندی کے بعد صرف وارننگ کو نظر انداز کرکے ایپ میں دوبارہ لاگ اِن کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

واٹس ایپ پہلے ہی پرانے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے اپنی سپورٹ محدود کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے حوالے سے کمپنی نے کم از کم اینڈرائیڈ 6 کو سپورٹ کا حصہ بنایا ہے، جبکہ آئی فونز کے لیے 30 نومبر 2026 سے کم از کم iOS 15.5 درکار ہوگا۔

اس کا مطلب ہے کہ ان سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے بعض فونز مستقبل میں واٹس ایپ کی سہولت سے محروم ہوسکتے ہیں۔

تاہم واٹس ایپ کی جانب سے ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ لاگ اِن بلاک کرنے کا نیا نظام کن مخصوص آپریٹنگ سسٹمز پر لاگو ہوگا اور اس کا مکمل نفاذ کب شروع کیا جائے گا۔

صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم چیک کریں اور ممکن ہو تو اسے تازہ ترین دستیاب ورژن پر اپ ڈیٹ کرلیں۔

Leave a reply