پنجاب حکومت کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کو یو این ہیبی ٹیٹ کا عالمی اعزاز

0
16
پنجاب حکومت کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کو یو این ہیبی ٹیٹ کا عالمی اعزاز

لاہور: پنجاب حکومت کے رہائشی منصوبے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کو عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسے یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسقط میں منعقدہ تقریب کے دوران یہ اعزاز وصول کیا۔ اس سال دنیا کے مختلف ممالک سے صرف پانچ شخصیات اور منصوبوں کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔

اعزاز حاصل کرنے والوں میں میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے میئر صادق خان بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو خصوصی طور پر بطور اسٹیٹ گیسٹ مسقط مدعو کیا گیا تھا۔ پاکستان اس سے قبل 2007 میں بھی یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کر چکا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبہ پنجاب کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بھی عالمی شناخت بن رہا ہے۔ ان کے مطابق پروگرام کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق منصوبے کے تحت مختصر عرصے میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو گھروں یا رہائشی سہولت کا فائدہ پہنچایا جا چکا ہے، جبکہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

Leave a reply