پاکستان میں گوگل کا باضابطہ دفتر قائم، ڈیجیٹل پروگرامز میں توسیع کا اعلان

0
17
پاکستان میں گوگل کا باضابطہ دفتر قائم، ڈیجیٹل پروگرامز میں توسیع کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میں گوگل نے اپنا باضابطہ دفتر قائم کر دیا ہے، جس کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف اور گوگل کے اعلیٰ حکام نے کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے گوگل نے ملک میں اپنے مختلف ڈیجیٹل پروگرامز کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، گوگل کے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ، امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر اور دیگر حکام نے شرکت کی اور دفتر کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے ولسن وائٹ کی سربراہی میں گوگل کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی نظام اور معیشت کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری ہے جبکہ قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم سے متعلق متعدد اقدامات بھی تکمیل کے قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مستقل موجودگی کے بعد گوگل اپنے مختلف پروگرامز کو مزید مؤثر انداز میں وسعت دے سکتا ہے۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں گوگل کے کردار کو سراہا اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے کی امید ظاہر کی۔

گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کہا کہ کمپنی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ملک میں اپنے پروگرامز کو مزید وسیع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

ملاقات میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، نوجوانوں کی تربیت اور روزگار کے مواقع میں اضافے سمیت ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave a reply