پاکستان اور عمان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، پانچ معاہدوں پر دستخط

0
16
پاکستان اور عمان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، پانچ معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں اوریادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات اور دوطرفہ مذاکرات کیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

عمانی وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، صنعت، سمندری روابط، افرادی قوت، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا چھوٹ، ریکارڈز اور آرکائیوز، میڈیا، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور خبروں کے تبادلے سے متعلق پانچ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس اگلے سال عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مذاکرات میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان سے متعلق سلامتی کے معاملات پر پاکستان کا مؤقف عمانی وزیر خارجہ کے سامنے رکھا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی اقدام پر پاکستان کے تحفظات کا اظہار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور دونوں فریق اس کے پابند ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Leave a reply