پاکستان اور امریکا نے تعلقات کے فروغ اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کر دیا

0
9
پاکستان اور امریکا نے تعلقات کے فروغ اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کر دیا

واشنگٹن میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری مثبت روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں پاکستان کی سفارتی کوششیں مؤثر ثابت ہوئیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران متعدد کاروباری اور سرمایہ کاری معاہدوں پر پیش رفت ہوئی، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کشمیر کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے فلسطین کے معاملے پر بھی پاکستان کے مستقل اور اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔

Leave a reply