
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں دو ماہ کی اضافی مدت (رول اوور) دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کے مطابق، یہ توسیع 17 اپریل 2026 تک ہوگی اور اس دوران رقم 6.5 فیصد شرح سود پر برقرار رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یقین دہانی اس وقت کرائی گئی جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے رابطہ کیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ منظوری جلد موصول ہونے کی توقع ہے۔
یہ اقدام پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تیسرے جائزہ مذاکرات کے پیش نظر اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو آگاہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جنوری میں بھی متحدہ عرب امارات نے ایک ماہ کی توسیع دی تھی، جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہوگی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ اسحاق ڈار خود اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی میں مثبت کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے مزیدیہ بھی کہا کہ رول اوور کی مدت کاتعین قرض دہندہ کااختیار ہوتاہے اور وزیر خزانہ کیمطابق پاکستان کے
بیرونی مالیاتی معاملات مستحکم ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں۔









