پاکستانی ڈراموں کی عالمی اڑان، نیٹ فلکس تک رسائی کے لیے بڑا حکومتی قدم

0
25
پاکستانی ڈراموں کی عالمی اڑان، نیٹ فلکس تک رسائی کے لیے بڑا حکومتی قدم

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملکی فلموں، ڈراموں اور دیگر تخلیقی مواد کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے نئی حکمتِ عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے تحت عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، جن میں نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم سمیت دیگر سروسز شامل ہیں، کے ساتھ رابطے اور مذاکرات جاری ہیں تاکہ پاکستانی مواد کو عالمی ناظرین تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق پاکستانی ڈرامے اور فلمیں دنیا کے مختلف خطوں، خصوصاً مشرق وسطیٰ، یورپ، شمالی امریکا اور جنوبی ایشیا میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تخلیقی صنعت کو ملکی معیشت کے اہم شعبے کے طور پر ترقی دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
حکومتی حکمتِ عملی کے تحت فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل تفریحی مواد کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ زرمبادلہ میں اضافہ ہو اور پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید نمایاں ہو۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ماضی میں بعض علاقائی عوامل کی وجہ سے پاکستانی مواد کو عالمی پلیٹ فارمز پر مناسب نمائندگی نہیں مل سکی، تاہم اب اس حوالے سے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ حکومت ایک مقامی اور جدید او ٹی ٹی (OTT) اسٹریمنگ پلیٹ فارم بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے، جہاں پاکستانی فلمیں، ڈرامے اور دیگر تخلیقی مواد دنیا بھر کے ناظرین کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی فنکاروں اور تخلیق کاروں کو عالمی مارکیٹ تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات سے سرمایہ کاری، روزگار کے نئے مواقع اور بین الاقوامی کاروباری شراکت داری میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ ملکی تخلیقی صنعت کو برآمدات کے ایک مؤثر شعبے کے طور پر فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

Leave a reply