
لاہور: پاکستانی نژاد اسکاٹش خواتین کرکٹر نیما شیخ اسکاٹ لینڈ نیشنل اسپورٹس اسکالر شپ حاصل کرنے والی پہلی کرکٹر بن گئیں۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق نیما شیخ کو “وننگ اسٹوڈنٹس 100” پروگرام کے تحت اسکالر شپ کے لیے منتخب کیا گیا، جو اسکاٹ لینڈ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے پہلا موقع ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے بتایا کہ اسکاٹش اسپورٹس میں 1700 سے زائد ایتھلیٹس کو سپورٹ فراہم کی جاتی ہے، اور یہ اسکالرشپ اکیڈمک کامیابی کی بنیاد پر دی جاتی ہے تاکہ کھلاڑی اپنی تعلیم اور کھیل میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
نیما شیخ اس وقت گلاسگو یونیورسٹی سے اکاؤنٹینسی اور فنانس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اس اسکالر شپ کے اس سال کے پروگرام میں کل 105 طلبا ایتھلیٹس شامل کیے گئے ہیں، جو 31 مختلف کھیلوں میں تعلیم اور کھیل دونوں کے شعبوں میں ترقی کریں گے۔
نیما شیخ نے کہا کہ یہ اعزاز میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ میں خواتین اور مرد کھلاڑیوں میں پہلی کرکٹر ہوں جس نے یہ اسکالرشپ حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع سے انہیں اپنی تعلیم اور کھیل دونوں میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ نیما شیخ نے 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور اب تک اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی 2 ون ڈے اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کر چکی ہیں۔









