
برطانیہ نے پاکستانی طلبہ، محققین اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع کا اعلان کر دیا ہے، جن میں مکمل فنڈڈ اسکالرشپس اور فیلوشپ پروگرام شامل ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستانی امیدوار ، چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ اور کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ ان پروگرامز کا مقصد باصلاحیت افراد کو عالمی معیار کی تعلیم، تحقیق اور کاروباری ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
چیوننگ اسکالرشپ کے ذریعے منتخب امیدوار برطانیہ کی جامعات میں ایک سالہ ماسٹرز پروگرام مکمل کر سکیں گے، جس کے تمام اہم اخراجات حکومت برطانیہ برداشت کرے گی۔ اس پروگرام میں ایسے افراد کو ترجیح دی جاتی ہے جو قیادت کی صلاحیت رکھتے ہوں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم رکھتے ہوں۔
آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ خاص طور پر اساتذہ اور درمیانی سطح کے کیریئر رکھنے والے ماہرین کے لیے ہے، جس کے تحت انہیں میں تحقیق اور علمی کام کرنے کا موقع ملے گا۔
اسی طرح کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ ایسے کاروباری افراد کے لیے ہے جو اپنے منصوبوں کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکا کو برطانوی ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے، کاروباری حکمت عملی بنانے اور اپنے منصوبوں کو وسعت دینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان پروگرامز کے ذریعے انہیں نئی مہارتیں حاصل کرنے، عالمی روابط بنانے اور اپنے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ درخواستیں تیار کرتے وقت اپنی حقیقی صلاحیتوں، تجربات اور مستقبل کے اہداف کو نمایاں کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جوابات پر انحصار کرنے والے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق یہ تمام پروگرام مکمل طور پر فنڈڈ ہیں، جن میں منتخب امیدواروں کے لیے تعلیمی فیس، سفر کے اخراجات، ویزا فیس اور رہائش سمیت دیگر ضروری اخراجات کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان مواقع کے ذریعے پاکستانی شرکا نہ صرف اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر سکیں گے بلکہ مختلف ممالک کے ماہرین اور رہنماؤں کے ساتھ رابطے قائم کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
درخواست دینے کے خواہشمند افراد یکم ستمبر تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے تمام ضروری مراحل مکمل کر لیں۔









