ٹرمپ کا اعلان: ایران کے خلاف بڑا امریکی آپریشن شروع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ایرانی حکومت سے ممکنہ خطرات کو کم کرنے اور امریکی شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج ایران کے میزائل نظام اور میزائل صنعت کو نشانہ بنا رہی ہے اور اس کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کی بحریہ پر بھی کارروائی کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر فضائی اور سمندری حملے شروع کیے ہیں۔ ان حملوں میں تہران، اصفہان، تبریز، قم اور کرج جیسے شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور تہران میں دھویں کے بادل دیکھے گئے ہیں۔
ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد اپنی فضائی حدود ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی ہے اور سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔









