
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران سرکاری اخراجات پر قابو پانے کے لیے کفایت شعاری کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اس سلسلے میں منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارتِ خزانہ کو آگاہ کر دیا ہے۔
پالیسی کے تحت گزشتہ تین برس سے خالی پڑی سرکاری آسامیاں ختم کر دی جائیں گی، جبکہ نئی آسامیوں کی منظوری پر پابندی برقرار رہے گی۔ اسی طرح رواں مالی سال میں سرکاری اداروں کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت نے مشینری اور دیگر آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اخراجات پر بیرونِ ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی سرکاری دوروں پر بھی پابندی بدستور نافذ رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ ان کفایت شعاری اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی۔









