
لاہور: پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، جنہیں ایچ ایس وائے کے نام سے جانا جاتا ہے، نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا موبائل فون اور متعدد ذاتی اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے عوام کو ممکنہ فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایچ ایس وائے کے مطابق 20 اکتوبر کو ہیکرز نے ان کے موبائل فون، واٹس ایپ، ای میل اور رابطوں کی فہرست تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ اس واقعے کے بعد ان کے نام سے متعدد افراد کو پیغامات بھیجے گئے، تاہم انہیں تاحال معلوم نہیں کہ کتنے لوگوں کو اور کس نوعیت کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
فیشن ڈیزائنر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں، دوستوں اور دیگر متعلقہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ ان کے نام سے موصول ہونے والے کسی بھی غیر معمولی پیغام پر فوری ردعمل دینے سے گریز کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نام پر کسی کو رقم یا ذاتی معلومات فراہم نہ کی جائیں اور نہ ہی کسی نامعلوم لنک کو کھولا جائے یا مشکوک فائل ڈاؤن لوڈ کی جائے۔ کسی بھی درخواست یا ہدایت پر عمل کرنے سے پہلے ان کے قابلِ اعتماد رابطہ نمبر کے ذریعے تصدیق کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ایچ ایس وائے نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کی ٹیم متاثرہ اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کےسبب اپنے دوستوں، مداحوں اوررابطوں کوپیش آنیوالی پریشانی پرمعذرت بھی کی۔









