
نورا فتیحی ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ انہیں FIFA World Cup 2026 کی افتتاحی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 12 جون 2026 کو ٹورنٹو میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں نورا فتیحی اپنی رقص پرفارمنس کے ساتھ گلوکاری کا بھی مظاہرہ کریں گی۔ یہ تقریب ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل شائقینِ فٹبال کے جوش و جذبے کو بھرپور انداز میں پیش کرے گی۔
اس عالمی ایونٹ میں نورا کے ساتھ کئی معروف بین الاقوامی فنکار بھی شریک ہوں گے، جن میں Alanis Morissette، Alessia Cara، Jessie Reyez، Michael Bublé، Vegedream اور William Prince شامل ہیں۔
ادھر امریکہ میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریبات میں Anitta، Katy Perry، Lisa اور Tyla سمیت دیگر عالمی شہرت یافتہ فنکار جلوہ گر ہوں گے۔
نورا فتیحی اس سے قبل بھی FIFA World Cup 2022 کی تقریبات میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کر چکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں ایک مرتبہ پھر اس بڑے عالمی پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جو ان کی بین الاقوامی مقبولیت کا واضح ثبوت سمجھا جا رہا ہے۔
نورا نہ صرف رقص بلکہ گلوکاری میں بھی اپنی پہچان بنا رہی ہیں، اور ان کی نئی ذمہ داری کو ان کے کیریئر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نورا فتیحی جلد اپنے نئے گانے ’’باڈی رول‘‘ میں بھی نظر آئیں گی، جس میں ان کے ساتھ ہنی سنگھ شامل ہوں گے۔









