
سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ جامعات اسماعیل راہو اور وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ بورڈ امتحانات میں نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہوگی۔
نئی پالیسی کے مطابق امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے طلبہ کے تمام پرچے منسوخ کیے جائیں گے اور ایسے امیدواروں پر آئندہ بورڈ امتحانات میں شرکت پر بھی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق امتحانی نظام میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا نقل کی سہولت کاری میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی تک کے اقدامات شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی نگران عملہ، انویجیلیٹر یا دیگر انتظامی افسر نقل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔
پالیسی کے تحت موبائل فون یا نقل کا کوئی بھی مواد رکھنے والے طلبہ کو فوری طور پر امتحان سے خارج کر دیا جائے گا، جبکہ امتحانی مراکز کی نگرانی مزید سخت کرنے اور کسی بھی غیر قانونی مداخلت کو روکنے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔








