
ملک بھر میں میٹرک آرٹس گروپ سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ اجازت تمام صوبوں میں یکساں طور پر نافذ ہوگی۔ فیصلہ آئی بی سی سی کے 183ویں اجلاس میں کیا گیا جو 4 اور 5 دسمبر 2025 کو کراچی میں منعقد ہوا۔
آئی بی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا، جن میں پاکستان انجینیئرنگ کونسل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل کریکولم کونسل اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز شامل ہیں۔
کمیشن کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کا اطلاق 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ داخلہ دینے والے ادارے میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے کم از کم نمبروں کی حد مقرر کرنے، پلیسمنٹ ٹیسٹ لینے یا دیگر ضروری اقدامات کرنے کے مجاز ہوں گے۔









