میوزک کنسرٹ میں طلباء ہلاکت کی وجہ سامنے آگئی

ہاٹ لائن نیوز : بھارتی ریاست کیرالہ کی کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں میوزک کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 4 طلبہ ہلاک اور 64 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے چار طلبہ میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں، ان میں سے تین انجینئرنگ کے دوسرے سال کے طالب علم تھے۔
کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے دیگر وزراء کے ساتھ ہنگامی میٹنگ بلائی اور کوچی یونیورسٹی میں چار طلباء کی موت پر اظہار تعزیت کیا۔
افسوسناک واقعہ پر ریاست کے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ انہیں چار طالب علموں کی المناک موت کی خبر سن کر دکھ ہوا۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اچانک بارش کی وجہ سے کنارے پر کھڑے طلبہ بارش سے بچنے کے لیے دوسری جگہ چلے گئے تو بھگدڑ مچ گئی، سیڑھیوں پر کھڑے لوگ نیچے گر گئے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر سنکرن نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ میوزیکل کنسرٹ میں بدقسمتی سے ہجوم تھا اور بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں زخمیوں کی تعداد کے بارے میں نہیں معلوم تاہم کنسرٹ میں 2 ہزار سے زائد طلباء موجود تھے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔








