مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش پر پاکستان کا سخت ردعمل، سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار

0
29
مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش پر پاکستان کا سخت ردعمل، سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: پاکستان نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ حوثی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو متاثر کرتے ہیں۔

پاکستانی ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی شہری علاقوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے مشرق و مغرب پائپ لائن کو نشانہ بنانے والے حملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات وسیع پیمانے پر سامنے آ سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے سعودی مسلح افواج کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کارروائی کو سراہا۔

پاکستان نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی، سفارت کاری، بامعنی مذاکرات اور سیاسی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a reply