مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران جنگ ختم ہونے کا امکان ہے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ رواں سال نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران اس وقت شدید اقتصادی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے اور تہران کے لیے موجودہ صورتحال کو مزید طویل عرصے تک برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت امریکی مڈٹرم انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ فی الحال امریکا کی ترجیح براہِ راست سفارتی مذاکرات شروع کرنا نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں حالیہ دنوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ امریکی کارروائی کے بعد ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب متعدد بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت جولائی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ جنگ کے خاتمے کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی دوبارہ نیچے آ سکتی ہیں۔
ایران تنازع کے طویل ہونے اور مہنگائی میں اضافے کے باعث امریکا میں حکومت کو سیاسی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کو صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور معاشی کارکردگی کے حوالے سے اہم عوامی امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ کے مستقبل، تیل کی قیمتوں اور امریکی معیشت کی صورتحال کا مڈٹرم انتخابات پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔









