
بالی وڈ کی معروف فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں اداکاری کرنے والے وشال ٹھاکر گزشتہ ایک دہائی سے لاپتا ہیں اور ان کے بارے میں تاحال کوئی قابلِ ذکر پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال ٹھاکر 31 دسمبر 2015 کی رات گھر سے روانہ ہوئے تھے۔ یکم جنوری 2016 کو ان کی آخری لوکیشن ممبئی کے قریب گھوڑبندر روڈ کے علاقے میں ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق اہلخانہ نے انہیں تلاش کرنے کی مسلسل کوشش کی، تاہم کئی برس گزرنے کے باوجود اداکار کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ان کی والدہ درگا ٹھاکر اب بھی امید رکھتی ہیں کہ ان کا بیٹا کسی دن واپس گھر لوٹ آئے گا۔
وشال کے لاپتا ہونے سے چند ماہ قبل ان کی گرل فرینڈ کی جانب سے ان پر سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں شکایت واپس لے لی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق اداکار کی تلاش کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے، لیکن تاحال ان کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔









