میاں بیوی میں ناراضی ہو تو کون مناتا ہے؟ کیپٹن (ر) صفدر نے راز بتا دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی اور مریم نواز کے ساتھ تعلقات سے متعلق گفتگو کی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق ان کے اور مریم نواز کے درمیان کبھی کبھار معمولی نوعیت کی ناراضی یا اختلاف ہو جاتا ہے، تاہم صلح کے لیے پہل عموماً مریم نواز کی جانب سے کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ پر کسی قسم کا حکم نہیں چلاتے بلکہ دونوں کے درمیان باہمی احترام اور عزت کا رشتہ قائم ہے۔ ان کے مطابق ان کی شادی کو تقریباً 35 برس گزر چکے ہیں اور ان کے تین بچے ہیں، جبکہ اب وہ نواسے نواسیوں کے بھی دادا نانا بن چکے ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے پنجاب کابینہ کا حصہ بننے سے گریز کیا، کیونکہ مریم نواز وزیراعلیٰ کی حیثیت سے کسی جگہ پہنچتی ہیں تو پروٹوکول کے تحت دیگر افراد کو کھڑا ہونا پڑتا ہے، اور وہ اپنی اہلیہ کے لیے کھڑے ہونے کی صورتِ حال سے بچنا چاہتے تھے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے گھر کے ماحول سے متعلق ایک دلچسپ بات بھی شیئر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب گھر میں مٹھائی یا کوئی میٹھی چیز آتی ہے تو مریم نواز اسے چھپا دیتی ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ صفدر صاحب زیادہ میٹھا کھا لیں گے اور اس سے ان کی طبیعت متاثر ہو سکتی ہے۔









