
ملک میں لاپتا افراد کے معاملات کی مجموعی تعداد دس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دستیاب سرکاری معلومات کے مطابق اب تک لاپتا افراد کے 10 ہزار 806 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026 تک 9 ہزار 259 کیسز کو حل کر لیا گیا، جبکہ ایک ہزار 547 کیسز اب بھی مختلف اداروں کے پاس زیرِ تفتیش ہیں۔
زیرِ تفتیش کیسز میں سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا کی ہے جہاں 970 افراد کے معاملات پر کام جاری ہے۔ پنجاب میں 211، بلوچستان میں 167، سندھ میں 145، اسلام آباد میں 44 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 کیسز تاحال حل طلب ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتا افراد کے کیسز کی تحقیقات کا عمل مسلسل جاری ہے اور متعلقہ ادارے پیش رفت کے لیے کوشاں ہیں۔









