
ہاٹ لائن نیوز : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نیا آئینی چیئرمین مل گیا، محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہوگئے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے 10 اراکین نے محسن نقوی پر آئندہ 3 سال کے لیے اعتماد کا اظہار کیا۔
محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے کو پی سی بی نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آئین 2014 کے تحت بنائے گئے بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کیا تھا۔
دیگر ممبران میں 4 ریجن آزاد جموں کمشیر، لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور شامل ہیں۔ 4 محکموں پی ٹی وی، اسٹیٹ بینک، سوئی گیس اور غنی گلاس کے نمائندے بھی اس بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔
بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری بھی اس بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں تاہم انہیں شریک ووٹ دینے کا حق نہیں دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر شاہ خاور نے محسن نقوی کی کامیابی کا اعلان کردیا، رمیز راجہ کے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی سربراہی میں انتظامی کمیٹیاں چلا رہی تھیں۔
محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان سپر لیگ اور قومی ٹیم کی بہتری کے لیے کئی اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔