متحدہ عرب امارات میں تنخواہوں کی ادائیگی کے نئے قوانین نافذ

متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے میں ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ویج پروٹیکشن سسٹم (WPS) کے تحت نئے ضوابط متعارف کرا دیے ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق نجی کمپنیوں کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ تک گزشتہ مہینے کی تنخواہیں ادا کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اس کے بعد کی جانے والی ادائیگی تاخیر تصور کی جائے گی۔ یہ ضابطہ یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کا مقصد تنخواہوں کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنانا ہے۔ حکام کے مطابق تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو ملازمین کی تنخواہیں منظور شدہ ویج پروٹیکشن سسٹم یا وزارت سے منظور شدہ دیگر ذرائع کے ذریعے ادا کرنا ہوں گی۔
نئے قواعد کے تحت کمپنیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کا مکمل ریکارڈ اور ثبوت متعلقہ حکام کو فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا۔ وزارت نے تنخواہوں کی نگرانی کے لیے ایک نیا معیار مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی کمپنی مقررہ وقت پر کم از کم 85 فیصد تنخواہیں ادا کر دیتی ہے تو اسے قواعد کی پابندی کرنے والا ادارہ تصور کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اصول ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جہاں قانونی کٹوتیوں یا دیگر جائز وجوہات کی بنا پر مکمل تنخواہ ادا نہ ہو سکے۔ تاہم ملازمین کو اپنی مکمل واجب الادا رقم طلب کرنے کا حق برقرار رہے گا۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت پر تنخواہیں ادا نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قوانین کے مطابق جرمانے اور دیگر انتظامی کارروائیاں کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد ملازمین کے حقوق کا تحفظ، بروقت اجرتوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا اور نجی شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔









