
قومی اسمبلی میں اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ
فرنٹ ڈور کی ناکامی کے بعد اب حکومت کی جانب سے پی۔ پی سے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں، پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مشترکہ دوستوں کے ذریعے رابطے کر رہی ہے، لیکن وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کو منانے میں تاحال ناکام رہی ہے، پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے پارلیمان میں خاموش احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کیوںکہ پی پی اسمبلی چلانے میں حکومت سے تعاون نہیں کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ سامنے آیا ہے، قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کا ایجنڈا جاری ہو چکا ہے، جس میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہوں گی، وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹسز پیش ہوں گے، اور اراکین نئے اور ترامیمی بلز بھی پیش کریں گے، صدارتی خطاب پر بحث بھی قومی اسمبلی اجلاس کے آج کے ایجنڈے میں شامل ہے۔








