
امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں راؤنڈ آف 16 کے مقابلے دلچسپ مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد چار ٹیموں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں مراکش، فرانس، ناروے اور انگلینڈ شامل ہیں۔ ان ٹیموں نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
راؤنڈ آف 16 کے باقی چار میچز میں 6 جولائی کو ڈلاس میں پرتگال اور اسپین جبکہ سیئٹل میں امریکا اور بیلجیئم آمنے سامنے ہوں گے۔
7 جولائی کو وینکوور میں سوئٹزرلینڈ کا مقابلہ کولمبیا سے ہوگا، جبکہ اٹلانٹا میں ارجنٹینا اور مصر کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ ان چاروں میچز کے فاتحین کوارٹر فائنل کی آخری نشستیں حاصل کریں گے۔
کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز 9 جولائی سے ہوگا، جہاں پہلے مقابلے میں فرانس اور مراکش کی ٹیمیں بوسٹن میں مدِمقابل ہوں گی۔
10 جولائی کو لاس اینجلس میں امریکا یا بیلجیئم کی فاتح ٹیم کا سامنا پرتگال یا اسپین کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
11 جولائی کو میامی میں ناروے اور انگلینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا، جبکہ آخری کوارٹر فائنل 12 جولائی کو کنساس سٹی میں ہوگا، جہاں ارجنٹینا یا مصر کی فاتح ٹیم کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ یا کولمبیا کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیموں کا ورلڈ کپ 2026 میں سفر اختتام پذیر ہو جائے گا۔









