فزکس کا نوبیل انعام امریکی سائنس دان فرانسس ہالزن کے نام

0
8
فزکس کا نوبیل انعام امریکی سائنس دان فرانسس ہالزن کے نام

اسٹاک ہوم: سوئیڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے 2026 کے نوبیل انعام برائے طبیعیات کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سائنس دان فرانسس ہالزن کو فاتح قرار دیا ہے۔

فرانسس ہالزن کو یہ اعزاز آئس کیوب نیوٹرینو آبزرویٹری کی تعمیر اور سائنسی تحقیق میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ خلا سے آنے والے انتہائی توانائی والے نیوٹرینو ذرات کی دریافت پر دیا گیا ہے۔

فرانسس ہالزن یونیورسٹی آف وسکونسن میڈیسن سے وابستہ ہیں اور بنیادی ذرات کی طبیعیات کے شعبے میں تحقیق کر رہے ہیں۔ ان کی تحقیق نے کائناتی نیوٹرینو کے ذریعے دور دراز اور انتہائی طاقتور فلکیاتی واقعات کا مطالعہ کرنے کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔

نیوٹرینو انتہائی کم کمیت رکھنے والے ذرات ہیں جو مادے کے ساتھ بہت کم تعامل کرتے ہیں، اسی لیے انہیں دریافت کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ ذرات کائنات کے دور دراز حصوں سے اہم معلومات زمین تک پہنچا سکتے ہیں۔

آئس کیوب آبزرویٹری ان ذرات کا سراغ لگانے کے لیے انٹارکٹیکا کی برف کے اندر قائم ایک بڑے سائنسی نظام کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے سائنس دانوں کو کائناتی نیوٹرینو کا مطالعہ کرنے اور ان کے ممکنہ فلکیاتی ذرائع تک پہنچنے میں مدد ملی۔

2026 کے نوبیل انعام برائے طبیعیات کی مالیت 12 ملین سویڈش کرون مقرر کی گئی ہے۔ نوبیل انعامات الفریڈ نوبیل کی وصیت کے تحت قائم کیے گئے تھے اور 1901 سے مختلف شعبوں میں غیر معمولی علمی اور انسانی خدمات کا اعتراف کرتے آ رہے ہیں۔

طبیعیات کا نوبیل انعام دنیا کے سب سے معتبر سائنسی اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ ماضی میں البرٹ آئن اسٹائن، میری کیوری، میکس پلانک اور نیلز بوہر سمیت متعدد ممتاز سائنس دان یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

2026 کے نوبیل انعامات کا سلسلہ طب کے انعام کے اعلان سے شروع ہوا، جبکہ طبیعیات کے بعد کیمسٹری سمیت دیگر شعبوں کے انعامات کا اعلان بھی شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔

نوبیل انعامات کی مرکزی تقریب 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں منعقد ہوگی، جہاں سویڈن کے بادشاہ انعام یافتگان کو اعزازات پیش کریں گے۔ امن کا نوبیل انعام البتہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں دیا جاتا ہے۔

Leave a reply