
وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزارت خزانہ نے مئی 2026 کی تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مئی 2026 کی تنخواہیں اور پنشن 22 مئی کو ادا کی جائیں گی۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 یا 28 مئی کو متوقع ہے، اسی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کی سہولت کیلئے یہ اقدام اٹھایا گیا تاکہ وہ عید کی تیاریاں بروقت مکمل کر سکیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق ادائیگیاں ریسیپٹس اینڈ پیمنٹ رولز 2025 کے تحت کی جائیں گی، جبکہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ تنخواہوں اور پنشن کی جلد اور بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ عیدالاضحیٰ سے قبل ادائیگیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔









