عمان نے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا

مسقط: عمان نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی مسافروں کے لیے سہولت پیدا کرنے کی غرض سے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا ہے۔ اس نئے اقدام کے تحت اہل غیر ملکی شہری بغیر کسی ویزا فیس کے 14 دن تک عمان میں قیام کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق یہ مفت ویزا صرف ان ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب ہوگا جن کا تعین عمانی حکام کریں گے۔ تاہم، تاحال ان ممالک کی باضابطہ فہرست جاری نہیں کی گئی، اس لیے یہ واضح نہیں کہ کن ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
نئے ضوابط کے تحت اگر کوئی مسافر مفت 14 روزہ ویزا پر عمان آتا ہے اور اپنے قیام میں توسیع کا خواہاں ہو تو مقررہ مدت ختم ہونے سے قبل کسی دوسرے سیاحتی ویزا میں تبدیلی کی درخواست دے سکتا ہے۔ اس کے لیے متعلقہ ویزا کی تمام شرائط پوری کرنا اور مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہوگی۔
عمانی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد مختصر دورانیے کے سیاحتی، تفریحی اور خاندانی دوروں کو آسان بنانا اور ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلہ 2 اگست 2026 کو عمان کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا، جبکہ اس پر عملدرآمد 3 اگست 2026 سے شروع ہو چکا ہے۔ ترمیم شدہ ضوابط کے تحت 14 روزہ سیاحتی ویزا کو الگ کیٹیگری کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور اس کی فیس صفر عمانی ریال مقرر کی گئی ہے، یعنی اہل درخواست گزاروں سے اس ویزا کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔









