
پاکستانی اداکارہ طوبیٰ انور نے حالیہ ایک انٹرویو میں موجودہ دور میں محبت اور رشتوں کے بدلتے رجحانات پر گفتگو کی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلے زمانے میں لوگوں کے درمیان ایک سادہ اور خالص جذباتی تعلق ہوتا تھا، جہاں توجہ اور خیال رکھنا ہی محبت سمجھا جاتا تھا۔ لیکن ان کے مطابق آج کے دور میں حالات بدل چکے ہیں اور لوگوں کی ترجیحات بھی مختلف ہو گئی ہیں۔
طوبیٰ انور نے کہا کہ آج کل اکثر لوگ اپنی مصروفیات، مسائل اور مختلف مواقع کی وجہ سے رشتوں کو وہ وقت اور توجہ نہیں دے پاتے جو پہلے دیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق اب محبت کا وہ روایتی انداز کم ہوتا جا رہا ہے جو ماضی میں دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تعلقات میں مستقل مزاجی اور “ہمیشہ ساتھ رہنے” جیسا تصور بھی پہلے جیسا مضبوط نظر نہیں آتا، اور فلمی انداز کی محبتیں حقیقت میں کم دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ہر شخص کی اپنی زندگی اور مصروفیات ہیں، اس لیے تعلقات کا انداز بھی وقت کے ساتھ بدل گیا ہے، تاہم جو لوگ اب بھی خلوص اور محبت کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں وہ خوش نصیب ہیں۔









