شادی کی تقریب میں مبینہ طور پر کیٹرنگ ورکر کے ہاتھوں بچہ جھلس گیا

بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک شادی کی تقریب کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک 11 سالہ بچہ شدید جھلس گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچہ اپنی نانی کے ساتھ ایک رشتہ دار کی شادی میں شریک تھا۔ تقریب کے دوران وہ کھانے کے اسٹال کے قریب گیا اور مبینہ طور پر مٹھائی لینے لگا، جس پر کیٹرنگ عملے کا ایک فرد اس پر ناراض ہوگیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عملے کے فرد نے پہلے بچے کو ڈانٹا اور خوفزدہ کیا، بعد ازاں اسے باورچی خانے کے قریب لے جایا گیا جہاں وہ گرم تندور کے پاس موجود تھا۔ اسی دوران بچہ مبینہ طور پر توازن کھو بیٹھا اور تندور کے قریب جا گرا، جس سے وہ جھلس گیا۔
واقعے کے فوراً بعد وہاں موجود افراد نے بچے کو تندور سے نکالا اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کے چہرے اور جسم کے بعض حصے متاثر ہوئے ہیں، ابتدائی علاج کے بعد اسے بڑے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔









