سیلاب کے بعد بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ، وزارت صحت کی ہیلتھ ایڈوائزری جاری

0
152
سیلاب کے بعد بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ، وزارت صحت کی ہیلتھ ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: حالیہ سیلاب کے بعد ملک بھر میں مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر وزارت صحت نے ہنگامی ہیلتھ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیضہ، ٹائیفائیڈ، اسہال، ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا جیسی بیماریاں تیزی سے پھیل سکتی ہیں، کیونکہ سیلابی پانی کے ٹھہراؤ سے مچھر اور دیگر جراثیم کی افزائش ہوتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پینے کے پانی کو ابال کر استعمال کریں، کھانے پینے میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں۔ متاثرہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر اپنانے سے بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں وبائی امراض کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے کیسز میں 41 فیصد جبکہ ملیریا میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بلوچستان اور سندھ میں ہیضہ کے کیسز بڑھ رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں خارش، جلدی امراض، اور سانپ و کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صحت کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔

Leave a reply