سوشل میڈیا دوستی کے لیے نوجوان نے ایل او سی عبور کر لی، بھارتی حکام نے حراست میں لے لیا

0
9
سوشل میڈیا دوستی کے لیے نوجوان نے ایل او سی عبور کر لی، بھارتی حکام نے حراست میں لے لیا

مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کرکے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان اتوار کی صبح اڑی سیکٹر کے سلیکوٹ علاقے کے قریب ایل او سی پار کرکے مقبوضہ کشمیر کی جانب پہنچا، جہاں تعینات اہلکاروں نے اسے روک کر اپنی تحویل میں لے لیا۔

تفتیش کے دوران نوجوان نے اپنا نام ذیشان احمد میر بتایا، جو مظفرآباد کے علاقے پائن کڈی کا رہائشی ہے۔ حکام کے مطابق اس کی شناخت پاکستانی قومی شناختی کارڈ سے بھی تصدیق کی گئی۔

ذیشان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں دعویٰ کیا کہ اس نے سرحد عبور کرنے کا اقدام اڑی کی رہائشی ایک خاتون، ارم بانو، سے ملاقات کی غرض سے کیا۔ اس کے مطابق دونوں کی جان پہچان سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی اور وقت کے ساتھ ان کے درمیان مسلسل رابطہ رہا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان اور مذکورہ خاتون دونوں سے مختلف سیکیورٹی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی ادارے دونوں افراد کے موبائل فونز اور ڈیجیٹل رابطوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ان کے دعوؤں کی تصدیق کی جا سکے۔

حکام کی جانب سے تاحال تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply