
کراچی: موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کے تحت ٹریفک حادثات سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی رقم 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے مطابق نئے نظام کے تحت اہل متاثرین کو عدالت سے رجوع کیے بغیر خودکار طریقہ کار کے ذریعے جلد معاوضہ فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد متاثرہ افراد کو فوری مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ کمرشل گاڑیوں کی انشورنس پالیسیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق ان پالیسیوں کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جو موٹر انشورنس کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کا دائرہ کار مستقبل میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان تک بھی توسیع دینے کی تیاری جاری ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق ریٹائرڈ افراد کے لیے لائف انشورنس اینیوٹی مصنوعات متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ فصلوں کی انشورنس کے فروغ کے لیے انشورنس کمپنیوں پر مشتمل ایک کنسورشیم قائم کیا گیا ہے۔
مزید برآں، ملک میں تکافل سیکٹر کا حصہ 14 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس کے پیش نظر اس شعبے کے لیے نئی رہنما ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔









