
اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو ڈرون حملوں سے نقصان پہنچا، جبکہ واقعے میں بعض شہری بھی زخمی ہوئے۔
پاکستان نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے بھی سنگین چیلنج ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسے واقعات خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔








